کراچی: احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تلخ کلامی، ویڈیو سامنے آگئی

نعیم خانزادہ  پير 20 مارچ 2023
فوٹو؛ ایکسپریس

فوٹو؛ ایکسپریس

  کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی جانب  سے عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں رکن سندھ فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی میں تلخ کلامی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے گلستان جوہر میں ملینیم مال پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اظہاریکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کے دوران اسٹیج پراس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب فردوس شمیم نقوی نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے اور خان صاحب کی ریڈ لائن ان کا گھر ہے، وہ ریڈلائن کراس کی گئی لیکن افسوس کی بات ہے کراچی نہیں نکلا۔

فردوس شمیم نقوی نے جب کارکنان کو مخاطب کرکے یہ کہا  کہ اگر اب خان صاحب کے ساتھ کچھ ہو تو قیادت کی ہدایت کا انتظار نہیں کرنا بلکہ سڑکوں پر نکلنا ہے۔

یہ جملہ سن کر قریب کھڑے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فراز صدیقی نے ان  سے مائیک چھین لیا  جس کے بعد دونوں رہننماؤں  کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔  بعدازاں  فردوس  شمیم نقوی تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے  گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان پارک پر پنجاب پولیس کی کارروائی پر کراچی میں احتجاج نہ ہونے کی وجہ سے متعدد رہنما کراچی قیادت سے ناراض  ہیں جس کا اظہار کھل کر فردوس شمیم نے مظاہرے میں کارکنان  کے سامنے کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔