نوجوان کرکٹرز کے تازہ دم ’لشکر‘ بھی تیار ہو گئے

اسپورٹس ڈیسک  پير 20 مارچ 2023
دورہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کیلیے ٹیموں کا اعلان، 7 انٹرنیشنل اسٹارشامل۔ فوٹو: فائل

دورہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کیلیے ٹیموں کا اعلان، 7 انٹرنیشنل اسٹارشامل۔ فوٹو: فائل

 کراچی: نوجوان کرکٹرز کے تازہ دم ’لشکر‘ بھی تیار کرلیے گئے ضب کہ دورہ زمبابوے کیلیے پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش ٹور کی خاطر انڈر 19 ٹیموں کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان شاہینز (اے سائیڈ) اور انڈر 19 ٹیموں کا اعلان کردیا گیا۔ شاہینز مئی میں شیڈول دورہ زمبابوے کے دوران 2 چار روزہ اور 6 ایک روزہ میچز کھیلیں گے، ٹور کا آغاز 3 مئی سے ہوگا۔

اے سائیڈ کی قیادت عمران بٹ کو دی گئی ہے جبکہ ان سمیت 7 منتخب کھلاڑی ایسے ہیں جوکہ پاکستان کی انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کرچکے ہیں۔ ان میں حسن طلعت، عامر جمال، کامران غلام، میر حمزہ، صاحبزادہ فرحان اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’شاہین نے ٹائٹل جیت کر چیلنج دیا، میرے پاس بھی پرانی بندوقیں موجود ہیں‘‘

شاہینز اسکواڈ میں جگہ بنانے والے دیگر کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، حسیب اللہ، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، محمد عمر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم اور روحیل نذیر شامل ہیں۔ شاہینز کے ریزرو کھلاڑیوں میں آصف محمود، اطہر محمود، سعد خان اور وقار احمد موجود ہیں۔

انڈر 19 ٹیم سعد بیگ کی قیادت میں 30 اپریل سے 17 مئی تک بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، اس ٹور میں ایک 4 روزہ، 5 ایک روزہ اور ایک ٹی  20 میچ کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں فتح؛ لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر ’پلاٹوں‘ کی برسات

منتخب کھلاڑیوں میں کپتان سعد بیگ، علی اسفند، احمد حسین، ایمل خان، عامر حسین، اشرف منہاس، اذان اویس، حمزہ نواز، محمد ابتسام، محمد اسماعیل، محمد طاہر، محمد  طیب آصف، عبید شاہد، ساجد علی، شاہ زیب خان، شمائل حسین اور وہاج ریاض  شامل ہیں، عبداللہ، اکرام اللہ ترین اور محمد ذوالفقار ریزرو ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔