ٹڈی دل کے حملے کو ناکارہ بنانے والے 18 طیارے ’غیر فعال‘ ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک  اتوار 26 مارچ 2023
—فائل فوٹو: پنجاب حکومت

—فائل فوٹو: پنجاب حکومت

 اسلام آباد: وفاقی حکومت کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے زیر اہتمام ٹڈی دل کے حملے کو ناکارہ بنانے والے کروڑوں روپے مالیت کے 18 طیارے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان میں ٹڈی دل کے حملے پر یہ جہاز متعلقہ علاقوں میں ایریل اسپرے کرتے تھے، 2021 میں محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا ایک طیارہ رحیم یار خان میں گر کا تباہ ہوا تھا، جس کے بعد سے تمام طیارے غیرفعال ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے طیاروں کا فلیٹ 2021 سے گراونڈ ہے جبکہ 10 طیارے کراچی اور 8 لاہور میں ہیں، کروڑوں روپے مالیت کےطیارے کھڑے کھڑے خراب ہونے لگے۔

ذرائع نے کہا کہ مناسب دیکھ بھال اور وقت پر مینٹینس نہ ہونے سے طیاروں کو مزید نقصان کااندیشہ ہے، محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا ہوائی فلیٹ بیور، سیسنا اور فلیچر طیاروں پر مشتمل ہے اور فلیچر اور سیسنا طیاروں کا فلیٹ 2004 اور بیور طیاروں کا فلیٹ 2021 سے گراونڈ ہوا۔

ذرائع کے مطابق طیاروں کے گراونڈ ہونے سے پلانٹ پروٹیکشن کا ایریل اسپرے ونگ مکمل غیر فعال ہوگیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔