خواتین واپس آکر اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے بارے میں بتائیں گی، یاسمین راشد

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2023
فوٹو : اسکرین گریب

فوٹو : اسکرین گریب

 لاہور: رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ظلم ایک حد تک کیا جاسکتا ہے، 7 خواتین کی ابھی تک شناخت پریڈ نہیں ہوئی، جو بدسلوکی ہوئی وہ خواتین باہر آکر بتائیں گی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ ان خواتین کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، اللہ تعالی رانا ثنااللہ کو ہدایت دے، ہزاروں قوم کے بچے بے گناہ پکڑے ہیں۔

علاوہ ازیں میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ جو وہاں موجود بھی نہیں تھے،جو ملوث نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، میاں اکرم عثمان کو اللہ پاک استقامت دے،مجھ پر دباؤ بڑھانے کے لیے اسے پکڑا ہے وہ بے گناہ ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور محمود الرشید کی مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد 

انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما  اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کر دی اور انہیں 14 دنوں کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے سینیٹر اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ پولیس نے استدعا کی کہ ملزمان  سے  موبائل فون کی برآمدگی کے علاوہ تفتیش کرنی ہے اس لیے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جج عبہر گل خان نے درخواست مسترد کر دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔