پاک ترک اسٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل اجلاس جلد بلانے کے خواہاں ہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  منگل 30 مئ 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد / انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کی اسٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے ساتویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو ٹیلی فون کرکے تیسری بار ملک کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے گفتگو میں کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے آپکی وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے، امید ہے ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے، مجھے یقین ہے آپ کی قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں صدر رجب طیب ایردوان کی ذاتی وابستگی باعث اطمینان ہے، آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مظبوط بنانے کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کا ساتواں اجلاس جلد بلانے کے خواہاں ہیں، اجلاس میں شرکت کیلئے آپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کیلئے چشم براہ ہوں، آپ کی آمد دونوں برادر ممالک کی کثیرالجہتی شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگی۔

ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، واضح رہے کہ صدر ایردوان 28 مئی کو الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن کو شکست دے کر 52.16 فیصد ووٹوں کی برتری سے تیسری بار ترکیہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔