حکومت پنجاب کا صوبے میں مزید 7 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان

آصف محمود  جمعـء 2 جون 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

لاہور:  حکومت پنجاب نے صوبے میں جنگلی حیاتیات کے موثر تحفظ اور فروغ  کے لیے مزید 7 سات نیشنل پارکس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ 

اس ضمن میں  جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات پنجاب نے پروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ 2020 کی دفعہ 9 کے تحت اعلان کردہ دس وائلڈ لائف سینکچوریز کے قیام کا نوٹیفیکشن فوری طور پر منسوخ کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مذکورہ ایکٹ ہی کی دفعہ(1)7 کے تحت انہی دس سینکچوریز جن میں لال سہانرا، پبی اینڈ رسول ریزرو فاریسٹ، خیری مورت ریزرو فاریسٹ، چنجی ریزرو فاریسٹ، کالا چٹا ریزرو فاریسٹ، مری، کہوٹہ و کوٹلی ستیاں ریزرو فاریسٹ اور سالٹ رینج (سمبلی نارتھ ریزرو فاریسٹ، نور پور ریزرو فاریسٹ، ملوٹ ریزرو فاریسٹ، ڈلوال ریزرو فاریسٹ) شامل ہیں، نیشنل پارکس بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب پروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ 2020کے تحت نیشنل پارک میں کسی جنگلی جانور کو شکار کرنا، اس پر فائر کرنا یا کوئی ایسا دیگر فعل سر انجام دینا جو کسی جنگلی جانور کو خوفزدہ یا ان کی افزائش نسل کے مقامات  یا مسکن پر دخل اندازی کا باعث بن سکتا ہو ممنوع ہے۔

اس کے علاوہ اس ایکٹ کے تحت کسی پودے یا درخت یا ان کے پتے، پھل یا بیج کو گرانا، تراشنا، جلانا یا کسی بھی طریقے سے نقصان پہنچانا، تباہ کرنا، لے جانا، اکٹھا کرنا یا اکھاڑنا، کاشت کاری، کان کنی اور کسی دوسرے مقصد کے لیے زمین کی توڑ پھوڑ اور صفائی کرنا، اور نیشنل پارک میں سے گزرتے پانی کو آلودہ کرنا جیسے افعال کی  بھی ممانعت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔