کراچی میں ریلی کے بعد ایم کیوایم لندن کے خلاف کریک ڈاؤن 28 کارکن گرفتار

ریلی نکالنے پر متحدہ لندن کے کارکنوں کیخلاف زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا


Staff Reporter July 10, 2023
مقدمے میں 39 افراد کو نامزد کیا گیا ہے:فوٹو:اسکرین گریب

کورنگی میں ریلی نکالنے کے معاملے پر ایم کیو ایم لندن کے 28 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے، ضلع کورنگی پولیس نے زمان ٹائون میں درج مقدمے میں اب تک 28 کارکنوں کو گرفتارکیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کی جانب سے زمان ٹائون تھانے کی حدود میں ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 10 سے 15 موٹر سائیکلوں پر سوار افراد نے ریلی نکالی اور ایم کیو ایم لندن کے حق میں نعرے بازی کی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا۔

گزشتہ دو روز سے ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کے خلاف جاری کریک ڈائون میں اب تک 28 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے خلاف تھانہ زمان ٹائون میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ویسٹ زون پولیس نے بھی ایم کیو ایم لندن کے سرگرم کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا ہے اور اب تک 5 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ویسٹ زون سے گرفتار سیاسی کارکنوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار کارکن سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔

قبل ازیں ریلی نکالنے پر زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ہنگامہ آرائی اور بلوے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں 39 افراد کو نامزد اور 40 سے 50 صورت شناس نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمے کے متن کے مطابق کورنگی کراسنگ مین بس اسٹاپ کے قریب 80 سے 90 کے قریب افراد نے جو موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پرسوار تھے سڑک کو مکمل بند کیا اور ایم کیو ایم لندن کے بانی کی حمایت میں نعرے بازی کی، ان افراد کو منشتر کرنے کی کوشش کی گئی توانہوں نے مزید نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کی۔

مقبول خبریں