یہ ریچھ نہیں ریچھ کے لباس میں انسان ہے چڑیا گھر کی تردید
ناظرین کو ریچھ کے پتلی ٹانگوں پر انتہائی سیدھا کھڑے ہونے پر اور اس کی نچلی کمر کے گِرد لٹکی جِلد پر تعجب ہوا
مشرقی چین کے ہانگ زو چڑیا گھر میں روزانہ تقریباً 20,000 لوگ آتے ہیں اور انواع و اقسام کے جانوروں سے محظوظ ہوتے ہیں تاہم حال ہی میں اس چڑیا گھر میں انجیلا نامی ریچھ کی ویڈیو وائرل ہورہی جس پر کہا جارہا ہے کہ یہ ریچھ کے لباس میں انسان ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کے چڑیا گھر میں ایک ریچھ کی نرالی ساخت دیکھ کر شہریوں اور انٹرنیٹ صارفین نے چڑیا گھر پر الزام عائد کیا تھا کہ عملے کے کسی فرد کو ہی ریچھ کا لباس پہنا کر کھڑا کردیا ہے۔
لاکھوں لوگوں کی طرف سے دیکھی جانے والی اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ریچھ دیوار کے کنارے اپنے پنجوں کو پہلو سے لگائے ہوئے کھڑا ہے اور آنے والوں کو دیکھ رہا ہو۔
ناظرین کو ریچھ کے پتلی ٹانگوں پر انتہائی سیدھا کھڑے ہونے پر اور اس کی نچلی کمر کے گِرد لٹکی جِلد پر تعجب ہوا جس پر لوگوں نے کہنا شروع کیا کہ یہ ریچھ نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لباس میں انسان ہے۔
دوسری جانب چڑیا گھر کے انتظامیہ نے ٹی وی انٹرویو میں شہریوں اور انٹرنیٹ صارفین کے الزامات کو رد کیا اور کہا کہ انجیلا (ریچھ) یقینی طور پر ریچھ ہی ہے کوئی انسان نہیں ہے۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا چڑیا گھر حکومت کے زیر انتظام ہے، لہذا اس قسم کا واقعہ کبھی نہیں ہوسکتا۔