اوور اسپیڈ پر ڈبل کیبن کو حادثہ اسپیکر سندھ اسمبلی کا اسٹاف آفیسر ہلاک

جاں بحق شخص سندھ اسمبلی میں گریڈ 20 کا افسر تھا، ملازم اور ڈرائیور زخمی ہوگئے


Staff Reporter January 02, 2024
(فوٹو : فائل)

مائی کلاچی روڈ پر تیز رفتار ڈبل کیبن (ڈالا) ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے بعد فٹ پاتھ عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا کرالٹ گئی، گاڑی میں سوار سندھ اسمبلی کا اسٹاف آفیسر جاں بحق اور ملازم اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود مائی کلاچی روڈ امریکی قونصلیٹ کے پی ٹی کی دیوار کے قریب تیز رفتار ڈبل کیبن (ڈالا) ڈرائیورسے بے قابو ہونے کے بعد فٹ پاتھ عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں متوفی شخص کی شناخت 55 سالہ ہارون ولد آدم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 60 سالہ عبدالقادر ولد عثمان اور 45 سالہ شہزاد ولد غلام قادر شامل ہیں۔

ڈاکس پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا گاڑی میں سوار شخص ہارون لیاری ہنگورا آباد کا رہائشی اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا اسٹاف آفسر اور سندھ اسمبلی میں گریڈ 20 کا افسر تھا جبکہ زخمی ہونے والوں میں عبدالقادر بھی سندھ اسمبلی کا ملازم ہے تاہم شہزاد گاڑی کا ڈرائیور ہے۔

ڈاکس پولیس کے مطابق ڈبل کیبن گاڑی کو حادثہ اوور اسپیڈ کے باعث پیش آیا، ڈبل کیبن گاڑی پی آئی ڈی سی کی جانب سے لالہ زار کی جانب جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہونے کے بعد فٹ پاتھ پر چڑھتے ہوئے نیٹی جیٹی کی جانب سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گئی نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد ڈبل کیبن گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا، ڈاکس پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈبل کیبن گاڑی کا اووراسپیڈ میں ٹائی راڈ ٹوٹ گیا تھا جس کے باعث ڈبل کیبن گاڑی مخالف سمت آنے والی گاڑی سے ٹکرائی، جس گاڑی کی وجہ سے پیش آیا وہ گاڑی نجی کمپنی کی بتائی جا رہی ہے اس حوالے سے پولیس اپنی تفتیش کر رہی ہے۔

مقبول خبریں