کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گدھا گاڑی والے سمیت 2 افراد جاں بحق

مقتول کے پاس بھی لائسنس یافتہ پستول تھا اور اس نے جیسے ہی اسلحہ نکلا ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی


Staff Reporter January 30, 2024
مقتول کے پاس بھی لائسنس یافتہ پستول تھا اور اس نے جیسے ہی اسلحہ نکلا ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی

نیو کراچی صنعتی ایریا میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

رواں ماہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی جبکہ اس دوران درجنوں شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوگئے ۔

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے 8 نمبر سیکٹر الیون جی میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ڈی ایس پی وسیم احمد نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ تاج محمد کے نام سے کی گئی جس کی ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان ہے ۔ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے۔

مقتول کے پاس بھی لائسنس یافتہ پستول تھا اور اس نے جیسے ہی اسلحہ نکلا ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی اسے گردن اور دوسری ران پر لگی ۔ موٹر سائیکل سوار تینوں ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں۔

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ چانڈیو چوک روٹ جی 23 منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 28 سالہ گل محمد جاں بحق ہوگیا۔

ڈی ایس پی وسیم احمد نے بتایا کہ مقتول پھل فروش تھا جو گدھا گاڑی پر اپنے فروٹ لیکر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے اسے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ مقتول قریبی آبادی کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں