واٹس ایپ کا اسٹیٹس اپ ڈیٹ فیچر پر کام جاری
یہ فیچر میک صارفین کے لیے تازہ ترین بِیٹا ورژن 24.11.73 میں پیش کیا گیا ہے
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر آزمائش کے لیے پیش کیا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین ڈیسک ٹاپ ورژن سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق کمپنی کی جانب سے آزمائش کے لیے پیش کیا جانے والا یہ فیچر صرف ایپل میک صارفین اپنے ڈیسک ٹاپ ایپ ورژن سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پوسٹ کر سکیں گے۔
کسی لنکڈ ڈیوائس سے اسٹیٹس اپ لوڈ کرنے کے لیے ایسا ہی ایک فیچر گزشتہ دسمبر میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آزمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔
اب واٹس ایپ کی جانب سے بالکل ویسا ہی فیچر میک صارفین کے لیے تازہ ترین بِیٹا ورژن 24.11.73 میں پیش کیا گیا ہے۔
ایپل میک پر تازہ ترین اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے بعد صارفین کو سائیڈ بار پر ایک نیا اسٹیٹس آئیکون دِکھے گا۔ اس پر ٹیپ کرنے سے پینسل اور کیمرا آئیکون کے ساتھ ایک نئی ونڈو کُھل جائے گی، جس کا مطلب ہوگا کہ صارف تصویر یا تحریر میں اسٹیٹس شیئر کر سکتا ہے۔
یہ فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے اور میک صارفین کے لیے جلد ہی اس کا اجراء متوقع ہے۔ تاہم، کمپنی کی جانب سے اس سے متعلق کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔