FAISALABAD:
ایک نئی تحقیق کے مطابق ریاضی کے مشکل سوالات کو حل کرنا ہو یا مشکل ترین الفاظ کو پڑھنا ہو دونوں صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور طاقت دینے والے جینز ایک ہی ہوتے ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والی اس تحقیق پر سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جو جینز بچوں کے اندر کتاب کو پڑھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں وہی جینز ریاضی کی مشکل مشقوں کو حل کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔ جینز کا بچوں کی تعلیم میں کردار کے حوالے سے مطالعہ کے لیے 3000 برطانوی خاندانوں کے 12 سال کے بچوں کا انتخاب کیا گیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی اور کالج آف لندن میں ہونے والی اس تحقیق میں 60 فیصد بچوں میں ریاضی کے سوالات کو حل کرنے اور پڑھنے کی صلاحتیں ایک جیسی تھیں۔
تحقیق کے اہم کردار پروفیسر رابرٹ کا کہنا ہے کہ اس صلاحیت کو پروان چڑھانے میں جینز کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کا بھی اہم کردار ہے۔ تاہم وہ کون سے جینز ہے جو اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس بارے میں واضح بات سامنے نہیں آئی اور اس میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ پروفیسر رابرٹ کا کہناتھا کہ اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ جن بچوں میں ریاضی کو سمجھنا مشکل ہے ان کے لیے کچھ نہیں کیا جاسکتا ہے بلکہ ایسے بچوں کے لیے والدین اور اساتذہ کی زیادہ توجہ اور محنت درکار ہوتی ہے۔