سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس حوالے سے تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ان سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی، جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے جسٹس سید عتیق شاہ سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی حلف برداری کی تقاریب میں ہائی کورٹ کے ججز، وکلا ا ور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں بلوچستان ہائیکورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس محمد اعجاز سواتی بھی آج اپنےعہدے کاحلف اٹھائیں گے۔ اس سلسلے میں حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقد ہوگی، جس میں گورنر بلوچستان قائم مقام چیف جسٹس محمد اعجاز سواتی سے حلف لیں گے۔