بھارت نے 9 مئی کو ہمارے فضائی اڈوں پر حملہ کیا تو وزیراعظم نے کہا اب بہت ہوچکا، اسحاق ڈار

ہمارا جواب کے حوالے سے پورا پلان طے ہوا تھا، آپریشن میں نواز شریف کی مشاورت بھی شامل تھی، نائب وزیراعظم


ویب ڈیسک May 12, 2025
فوٹو: فائل

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں نواز شریف کی مشاورت بھی شامل تھی، بھارت نے 9 مئی کو ہمارے فضائی اڈوں پر حملہ کیا تو وزیراعظم نے کہا اب بہت ہوچکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام واقعے کے وقت  میں وزیراعظم کے ہمراہ انقرہ میں تھا، ہم نے واقعے کے بعد 100 سے زائد سفارتکاروں سے رابطے کیے اور اپنی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش سے آگاہ کیا۔ 

اسحاق ڈار نے کہا کہ پورے آپریشن میں نوازشریف کی مشاورت شامل تھی، ہم نےمتحدہو کردنیا کو ایک پیغام دینا تھا، جب بھارت نے حملہ کیا تو ہم نے انکے طیارے گرائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نےدیگرجماعتوں سے بھی مشاورت کی تھی، سلامتی کونسل کےممبران کوبھی ہم نے آگاہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ پہلگام سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں اور یہ بات دنیا کے سامنے بھی رکھی تھی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 5مئی تک ہرکوئی کہتاتھا صبروتحمل کامظاہرہ کریں، ہم نےکہاتھا ہم پہل نہیں کریں گے،  ہم نے کہا تھا اگر حملہ ہواتو جواب ضرور دیں گے، ہم نےجو کہا وہی کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاید 10 سے 15 جہاز گرتے مگر جن جن جہازوں نے پے لوڈ پھینکے انہیں نشانہ بنایا جس کی وجہ سے پانچ گرائے۔ 

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشیدگی کے دوران دیگرممالک درخواست کررہے تھے کہ ہم بھارت سےبات کرتے ہیں مگر بھارت کسی کی سننے کو تیار نہیں تھا۔

اسحاق ڈار کے مطابق بھارت نے چار میزائل فائر کیے جن میں سے تین امرتسر پر گرے اور ایک پاکستان کی فضائی حدود کی طرف آیا تو ہم نے اُسے تباہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 8 مئی کوہم نے انکے 29 ڈرونز گرائے پھر 9 مئی کی رات کو بھارت نے ہماری بیسز پر حملہ کیا تو صبرکا پیمانہ لبریز ہوا، اس کے بعد وزیراعظم نے کہا اب بہت ہوچکا ہے، ہمارا جواب کے حوالے سے پورا پلان طے ہوا تھا۔
 

مقبول خبریں