قربانی کے جانور کی قیمت اور آئی فون؛ نعمان اعجاز تنقید کی زد میں آگئے

نعمان اعجاز اس سے قبل بھی قربانی کے جانوروں کی بڑھتی ہوئی قیمت پر طنز کرچکے ہیں


ویب ڈیسک May 31, 2025

قربانی کے جانوروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان پاکستان کے معروف اور سینیئر اداکار نعمان اعجاز اس سے متعلق اپنی ایک پوسٹ پر تنقید کی زد میں آگئے۔

نعمان اعجاز نے اس قبل بھی ایک پوسٹ کی تھی جس میں انھوں نے ایک مرغی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر یہ بھی منڈی میں کھڑی ہو تو بیوپاری قیمت لاکھ روپے مانگیں گے۔

جس پر سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے ان کی بات کی تائید کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی قیمتوں پر سوالات اُٹھائے تھے۔

تاہم اداکار نعمان اعجاز کی حال ہی میں کی گئی ایک پوسٹ پر ان کے مداح اور سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی ہے۔

نعمان اعجاز نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ سب کو آئی فون مہنگا لگتا ہے لیکن جیسے ہی قربانی کے جانور لینے جاتے ہیں تو لگتا ہے جیسے بیوپاری جائیداد کے کاغذات مانگ رہے ہوں۔ بھائی، ذرا قربانی کا جانور لینے تو جائیں۔

اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے قربانی کے جانور کی قیمت کو آئی فون سے تشبیہ دینے پر شدید غصے کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ آئی فون خریدنے میں کسی کو مسئلہ نہیں، لیکن جب اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی بات آتی ہے تو سب کو مہنگائی یاد آ جاتی ہے؟

**" ایک اور صارف نے لکھا کہ قربانی نہیں کر سکتے تو نہ کریں، لیکن مذاق اُڑانا درست نہیں۔

تاہم کئی صارفین نے نعمان اعجاز کی حمایت بھی کی۔ ایک نے لکھا کہ نعمان اعجاز کی بات کو غلط سمجھا جا رہا ہے۔ ان کا نقطۂ نظر مہنگائی پر توجہ دلانا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ نعمان اعجاز صرف مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں نہ کہ قربانی کی اہمیت کو کم کر رہے تھے۔

 

مقبول خبریں