اسلام آباد:
آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ برائے 2025-26ء کے تمام مراحل اسٹاف لیول معاہدے سے مشروط کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے بجٹ کے تمام مراحل کو اسٹاف لیول معاہدے سے مشروط کر دیا ہے جب کہ زرعی آمدن پر ٹیکس سمیت دیگر سخت شرائط کو بھی بجٹ کا حصہ بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ جون کے آخر تک ہر صورت منظور کروایا جائے اور منظوری و عملدرآمد اسٹاف لیول معاہدے کے اہداف کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے زرعی آمدن پر ٹیکس لاگو کرنا بنیادی شرط بن چکا ہے۔ عید کے بعد اجلاس بلانا بھی اسی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ہر شعبے سے یکساں ریونیو وصولی ضروری ہے۔