سمبڑیال کےعوام نے بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کو مسترد کردیا، عظمیٰ بخاری

فافن کی رپورٹ پی ٹی آئی اور اس کے ایجنڈے پر چلنے والے نام نہاد اور جیدفلسفیوں اور دانش وروں کےلیے کافی ہے، وزیراطلاعات


ندیم چوہدری June 04, 2025
فوٹو فائل

لاہور:

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سمبڑیال کےضمنی انتخاب میں دھاندلی کے عائد کیے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فافن کی رپورٹ پی ٹی آئی کے لیے کافی ہے اور سمبڑیال کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 39ہزار ووٹوں کی لیڈ سے شکست کے بعد دھاندلی کا الزام لگاناشرم ناک ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سمبڑیال الیکشن میں پی ٹی آئی کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا اور فافن کی رپورٹ میں کہا گیا پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ فافن نے 121پولنگ ایجنٹس کے انٹرویو کیے ان میں 116پولنگ ایجنٹس نے ووٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، سمبڑیال میں مسلم لیگ(ن) کا ووٹ 41فیصد سے بڑھ کر 59فیصد ہوا ہے۔

پنجاب کی وزیراطلاعات نے کہا کہ فافن نے یہ بھی کہا کہ سمبڑیال میں پی ٹی آئی کا ووٹ 35فیصد سے 29فیصد تک آگیا ہے، یہ رپورٹ پی ٹی آئی اور اس کے ایجنڈے پر چلنے والے نام نہاد اور جید فلسفیوں اور دانش وروں کے ڈوب مرنے کےلیے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکست تسلیم کرنے کے بجائے پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر الزامات لگانا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، سمبڑیال کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اب مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیتا اور سپورٹ کرتا ہے اور یہ نشست ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی رہی اور ناقابل شکست رہی ہے۔

مقبول خبریں