اسرائیل نے ایرانی سرزمین پر موساد کے کمانڈوز کی ملٹری کارروائی کی ویڈیو جاری کردی

حملے سے قبل اسرائیل سے اسلحہ اور کمانڈوز ایران اسمگل کیے گئے تھے


ویب ڈیسک June 13, 2025

اسرائیل نے اپنی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوسوں کی ایرانی سرزمین پر کی گئی ایک ملٹری کارروائی کی ویڈیو جاری کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے کمانڈوز نے ایران کے اندر مقامات پر خفیہ کارروائیاں انجام دیں جس سے اسرائیلی فضائیہ کو حملوں میں مدد ملی۔

موساد نے یہ خفیہ کارروائیاں ایران کے کھلے علاقوں میں سرانجام دیں جن میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائل سسٹمز کو گائیڈڈ ہتھیاروں سے نشانہ بنانا شامل تھا۔

اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے تہران کے قریب ایک خفیہ ڈرون بیس بھی آپریٹ کیا جہاں ایران کے اسرائیل کی جانب بھیجے گئے ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔

موساد نے اپنی ان خفیہ کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارت کا بھرپور استعمال کیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کی گئی ان ویڈیوز سے صاف اندازہ ہوتا ہے کہ ایران پر حملہ فوج اور موساد کی مشترکہ منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موساد کے اس خفیہ آپریشن کے لیے ہتھیاروں سے لیس گاڑیوں اور اسرائیلی کمانڈوز کو ایران اسمگل کیا گیا تھا۔

 

مقبول خبریں