اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے لیے 35.97 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے خصوصی فنڈز جاری کیے جارہے ہیں۔
وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے آئی پی پروگرام کے تحت سابق فاٹا کی ترقی کے لیے 1.2 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی سے بجلی دی جائے گی، 50 میگاواٹ مائیکرو گرڈ منصوبہ بھی پیکیج کا حصہ ہے۔
ضم اضلاع میں 7 ارب سے پولیس تھانے، چوکیوں اور لیویز کی اپ گریڈیشن، فاٹا یونیورسٹی کے لیے 2.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور جاری ترقیاتی اسکیموں کی بقایا ادائیگی کے لیے 13.145 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اعلیٰ سطح کی کمیٹی فنڈز کی نگرانی کرے گی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اس کی سربراہی کریں گے۔