پشاور:
خیبرپختونخوا (کے پی) کے انسپکٹرجنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ اکوڑہ خٹک میں مولانا حامدالحق کو دو دشمن ملک کی خفیہ ایجنسیوں کی مدد سے ایک عالمی دہشت گرد تنظیم نے نشانہ بنایا۔
آئی جی خبیرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ مولانا حامد الحق شہید اور مولانا فضل الرحمان پرحملوں میں ملوث گروپ کی نشان دہی ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا حامد الحق پر حملوں کی تحیقیقاتی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کردی گئی ہے۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ دو دشمن ملک کی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی مدد سے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم نے مولانا حامد الحق کو نشانہ بنایا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ دہشت گرد گروہ کی نشان دہی کے بعد تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اور تحقیقاتی ٹیم حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے گروہ تک پہنچ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی قومیت کی بھی تصدیق کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مولانا حامد الحق کو 28 فروری 2025 کو جامعہ حقانیہ نوشہرہ میں ایک خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔