سوات کے علاقے شاہی باغ میں کشتی الٹنے کے حادثے میں دو خواتین سیاح جاں بحق ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سوات کالام کے علاقہ شاہی باغ میں کشتی الٹنے سے دو خواتین سیاح ڈوب کر جان بحق ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق ملاح نے کشتی میں گنجائش سے زائد افراد کو سوار کیا تھا، جن میں ایک فیملی کو حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو مقامی افراد نے ریسکیو کرلیا جبکہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے کالام اسپتال منتقل کردیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی فیملی کا تعلق شیر گڑھ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دور افتادہ علاقہ ہونے اور موبائل سگنل نہ ہونے کی وجہ سے رابطے میں مشکلات ہیں۔