قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملہ؛ قطر کا ردعمل سامنے آگیا

قطر کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے ناکام بنایا اور حملے کو مؤثر طریقے سے روک دیا


ویب ڈیسک June 24, 2025

قطر نے امریکی ایئربیس العدید پر کیے گئے ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خودمختاری، فضائی حدود اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم، ریاستِ قطر میں، اس کھلی جارحیت کا بین الاقوامی قوانین کے تحت براہِ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ترجمان نے مزید انکشاف کیا کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے ناکام بنایا اور حملے کو مؤثر طریقے سے روک دیا گیا۔

یہ پڑھیں: ایران نے قطر اور عراق میں آپریشن کو بشارت الفتح کا نام دے دیا

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران نے قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل آپریشن "بشارتِ الفتح" کا آغاز کیا تھا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ قطر بین الاقوامی قانون کے تحت اس حملے کے پیمانے اور نوعیت کے مطابق براہِ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا اور حملہ ناکام بنا دیا۔ اس حملے کی مکمل تفصیلات جلد وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔

الانصاری نے خبردار کیا کہ ایسے جارحانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور ان کے عالمی سلامتی پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے فوری طور پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور سنجیدہ مذاکرات کی بحالی پر زور دیا اور بتایا کہ قطر ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے خطے میں اسرائیلی جارحیت کے ممکنہ خطرات سے سب سے پہلے خبردار کیا۔ ہم ہمیشہ سفارتی حل کو ترجیح دینے اور اچھے ہمسائیگی کے اصول اپنانے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

قطر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حملے سے قبل اڈے کو حفاظتی اقدامات کے تحت خالی کرا لیا گیا تھا اور تمام اہلکار، بشمول قطری افواج اور اتحادی فورسز، محفوظ رہے، کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بیان کے اختتام میں زور دیا گیا کہ موجودہ بحران سے نکلنے اور علاقائی امن یقینی بنانے کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

واضح رہے کہ ایران نے جوابی حملے میں قطر میں واقع امریکا کے سب سے بڑے فضائی اڈے العدید پر 6 میزائل داغ ہیں جبکہ قطر نے فضائی حدود بند کر رکھی تھی اس کے علاوہ ایران کی جانب سے عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

مقبول خبریں