پنجاب میں بارش کا رواں اسپیل کب تک جاری رہے گا؟ پی ڈی ایم اے نے بتا دیا

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔


ویب ڈیسک July 06, 2025

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارش میں مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث نقصانات  رپورٹ ہوئے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، راولپنڈی اور گجرانوالہ میں مخدوش و بوسیدہ عمارات گرنے سے 2 شہری جانبحق ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  نے کہا کہ جانبحق افراد میں 1 خاتون اور ایک بچی شامل ہیں، مون سون بارشوں کے باعث 2 مخدوش و کچے مکانات متاثر ہوئے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جانبحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کچے بوسیدہ اور خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، خراب موسم کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مقبول خبریں