سندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے منصوبوں کی منظوری دے دی

کابینہ نے ای-اسٹامپ رولز میں ترمیم، کسان امدادی فنڈ میں اضافہ، تھرکول سے چھوڑ تک ریلوے لائن، پنشن اصلاحات کی منظوری دی


ویب ڈیسک July 08, 2025

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں پنشن اصلاحات، ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے منصوبوں سمیت کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ڈی ایچ اے کو صرف 4 تا 5 ایم جی ڈی پانی ملتا ہے جب کہ 15 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے۔

36 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے سے ڈی ایچ اے کو 10 ایم جی ڈی پانی ڈملوٹی سے مہیا ہو سکے گا۔

بریفنگ کے بعد سندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے پمپنگ اسٹیشن، فلٹریشن پلانٹ اور حوض بنانے کی  منظوری دے دی۔

اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے واٹر بورڈ کو ڈملوٹی پروجیکٹ کے لئے 10.56 ارب روپے بلاسود قرض دینے کی منظوری بھی دی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کابینہ نے پنشن اصلاحات کی بھی منظوری دی، پنشن اصلاحات کا نوٹیفکیشن محکمہ خزانہ جاری کرے گا، اس کے علاوہ کابینہ نے لیبر ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

سندھ کابینہ نے زرعی انکم ٹیکس رولز کی منظوری دے دی ، نئے قواعد کے تحت زمیندار ایس آر بی کے ساتھ رجسٹریشن کا پابند ہوگا۔

کابینہ نے چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن اقبال ڈیتھو کے خلاف الزامات کی جانچ کے لیے سب کمیٹی قائم کر دی، سب کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر ایکسائیز اور معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق شامل ہیں۔

 سکھر اور حیدرآباد میں انڈسٹریل انکلیو بنانے کی منظوری

اجلاس میں سندھ کابینہ نے سکھر اور حیدرآباد میں انڈسٹریل انکلیو بنانے کی منظوری دے دی، حیدرآباد میں 951 ایکڑز دیھ گنجو ٹکر اور سکھر میں 400 ایکڑز روہڑی میں انڈسٹریل انکلیو قائم کیا جائے گا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ نئے انڈسٹریل انکلیو پبلک پرائیوٹ پارنٹرشپ کے تحت قائم ہونگے۔

گرلز اینڈ وومین ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بٹ خیلہ، ملاکنڈ میں قائم کرنے کی منظوری

سندھ کابینہ نے گرلز اینڈ وومین ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بٹ خیلہ، ملاکنڈ میں قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔

سندھ کابینہ نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کیلئے ایک ارب روپے کی منظوری دیدی، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ووکیشنل سینٹر زیبسٹ قائم کرے گی۔

تھرکول سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھانے کے لئے فنڈز کی منظوری 

سندھ حکومت نے تھر کول سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھانے کے لئے فنڈز کی منظوری دی، وفاقی حکومت نے 7 ارب روپے مختص کیے تو سندھ حکومت بھی 7 ارب روپے دے گی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ ریلوے لائن بچانے کا منصوبہ 42 ارب روپے مالیت کا ہے،

حب ڈیم کی مرمت کے لیے واٹر بورڈ کی جانب سے شیئر دینے کی منظوری

حب ڈیم کی مرمت کے لیے سندھ حکومت نے واٹر بورڈ کی جانب سے شیئر دینے کی منظوری دے دی۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت واٹر بورڈ کی طرف سے ایک ارب روپے فراہم کرے گی۔

 سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈ میں اضافہ، سندھ کابینہ کا اہم فیصلہ

سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈ میں اضافہ کرتے ہوئے فلڈ ایمرجنسی رسپانس فنڈ 21.56 ارب سے بڑھا کر 27.68 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

اب تک امداد سے محروم 1.5 لاکھ سے زائد کسانوں کو فوری ریلیف دیا جائے گا، سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کی مشاورت کے بعد 98 ملین ڈالر کسانوں کے لئے مختص کیے ہیں۔

یہ فنڈنگ 25 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے کسانوں کو رلیف کے مد میں فراہم ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو جدید سہولیات تک رسائی دی جائے گی، بینظیر ہاری کارڈ کی رجسٹریشن جاری ہے،ابتک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد کسان رجسٹر کیے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ  نے کہا کہ زرعی مشینری کی سبسڈی، ہنگامی نقد امداد، فصل انشورنس اور قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی، کسانوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ سنہ 2022ء کے سیلاب میں 38 لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی تھی،  یہ کسانوں کے لئے سندھ حکومت کا ہنگامی ریلیف پلان ہے۔

سندھ کابینہ کی ای-اسٹامپ رولز میں ترمیم کی تجویز منظوری

بورڈ آف ریونیو سندھ نے سندھ ای-اسٹامپ رولز 2020 میں ترمیم کی تجویز دی۔ کابینہ نے غیر منقولہ جائیداد کی ای-رجسٹریشن میں فزیکل اسٹامپ پیپر ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ جائیداد کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور مؤثر بنایا جائے، عوام کو سہولت دینے کے لیے پیپر لیس نظام وقت کی ضرورت ہے، ای-رجسٹریشن دفاتر میں اب اسٹامپ پیپر جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ  فزیکل اسٹامپ پیپر کی جگہ ڈیجیٹل تصدیق کا نظام اپنایا جائے گا، سندھ کابینہ نے 2020 کے ای-اسٹامپ رولز میں ترمیم کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

مقبول خبریں