جیٹ طیارے کے تیز رفتار انجن نے مسافر کو اپنے اندر کھینچ لیا؛ موقع پر ہلاک

مذکورہ شخص طیارے کے اتنے نزدیک کیسے پہنچا، تحقیقات شروع


ویب ڈیسک July 08, 2025

اٹلی کے شہر میلان کے برگامو ایئرپورٹ پر ایک 30 سالہ شخص ہوائی جہاز کے انجن میں کھینچے جانے سے ہلاک ہو گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ شخص اچانک رَن وے پر دوڑتا ہوا جہاز کے سامنے آ گیا۔ اسی دوران تیز رفتار انجن اسٹارٹ ہوا اور اسے اندر کھینچ لیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ شخص ایئرپورٹ کے محفوظ اور ممنوعہ علاقے میں کس طرح داخل ہوا۔

واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں مگر وہ جان بچانے میں ناکام رہیں۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔

اس حادثے کے باعث ایئرپورٹ پر 19 پروازیں معطل کی گئیں جبکہ ایک رن وے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا جس سے نظامِ پرواز متاثر ہوا۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باوجود وہ شخص رَن وے تک کیسے پہنچا۔

اس حوالے سے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

مقبول خبریں