حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں ہونے والی بارشوں کے پیش نظر ایم کیو ایم نے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے پیش نظر اراکین اسمبلی اور تنظیمی ذمہ داران سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور انہیں اس مشکل گھڑی میں عوام کے درمیان موجود رہنے اور ان کے مسائل کے فوری حل میں کردار ادا کرنے کی ہدایت دی۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اندرون سندھ تنظیمی دفاتر میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل سے متاثرہ عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اندرون سندھ کے شہری ایم کیو ایم پاکستان کے قریبی تنظیمی دفاتر میں قائم ریلیف کیمپس سے رابطہ کر کے اپنی شکایات اور ضروریات درج کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں رضاکار موجود ہوں گے جو متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں گے۔ ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ حق پرست عوامی نمائندے نکاسی آب، بجلی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے عوامی مسائل کے حل میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اندرون سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنی تمام تر تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔