راولپنڈی: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں باپ بیٹی کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے، ویڈیو سامنے آگئی

ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی  25 سالہ بیٹی کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے، ویڈیو میں مدد کے لیے پکارتے دیکھا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک July 22, 2025

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں کار سوار باپ اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد پیر کی سہ پہر سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب نیشبی علاقے زیر آب آگئے۔

راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش کچہری چکلالہ میں 83 ملی میٹر، سید پور اسلام آباد میں 74 ملی میٹر، گولڑہ میں 28، بوکڑہ میں 63، پی ایم ڈی میں 32، شمس آباد میں 32، پیر ودھائی میں 30، گوالمنڈی میں 53 اور نیو کٹاریاں میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

نالہ لئی میں کٹاریاں پر پانی کی سطح 9  فٹ اور گوالمنڈی میں 5 فٹ تک بلند ہوچکی ہے، بارش رکنے پر نشیبی مقامات سے واسا کی ٹیمیں پانی نکالتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں کار سوار باپ اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے، پانی میں بہ جانے والے دونوں افراد کو گاڑی سے مدد کے لیے پکارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی ناکام کوشش کی، پانی کا بہاؤ تیز ہونے پر دونوں افراد کار سمیت پانی کی تیز موجوں کی نذر ہو گئی۔

پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا۔ امدادی ذرائع نے کہا کہ اسلام آباد کار میں سوار دونوں باپ بیٹی ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ  برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے نام سے ہوئی جو  اپنی 25 ساہ بیٹی کے ہمرا کار میں سوار تھے۔

ریسیکو ذرائع  نے کہا کہ شہری اسحاق قاضی   25 سالہ بیٹی کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے، ان کی گاڑی سڑک کے درمیان بند ہو گئی تھی۔ 

پانی کا بہاؤ زیادہ یونے کے باعث گاڑی اور باپ بیٹی  نالے میں بہہ گئے، ریسیکیو 1122 اور غوطہ خوروں کا نجی سوسائٹی کے فیز فائیو کے برساتی ناکے میں آپریشن جاری ہے۔

کرنل (ر) محمد اسحاق کے گھر موجود ان کے ایک عزیز نے بتایا کہ قاضی محمد اسحاق بیٹی جو این ڈی سی میں جاب کرتی ہیں کو چھوڑنے جارہے تھے،  گلی سے نکلتے ہی مرکزی شاہراہ پر گاڑی پانی میں پھنسی اور بہہ گئی۔

دوسری جانب راولپنڈی کے تھانہ کھنہ کی حدود میں واقع کرسچن کالونی میں بچی نالے میں گر گئی، 8 سالہ عنادیا  کی تلاش جاری  یے۔

ادھر طوفانی بارش کے پانی میں ایک اور نوجوان کے بہہ جانے کی اطلاع ہے، ریسکیو ذرائع نے کہا کہ اسلام آباد تھانہ ہمک کے ایر یا برجی سٹاپ پر حامد نامی نوجوان برساتی نالے میں بہہ گیا،  حامد شاہ نامی نوجوان جس کی عمر 17/18سال پاؤں پھسلن سے گہرے پانی میں ڈوب گیا۔

بعد ازاں جی ٹی روڈ راولپنڈی کے پاس نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گزرنے والے دریائے سواں سے نوجوان کی نعش ملی، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے لاش نکال کر  اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

مقبول خبریں