پاکستان کے عبداللہ نواز عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ سیڈ 7 عبداللہ نواز نے تیسرے راؤنڈ میں امریکی کھلاڑی کو ایک گیم کی قربانی دے کر 1-3 سے قابو کرلیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہرنیوقاہرہ میں جاری عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں واحد پاکستانی کھلاڑی عبداللہ نواز نے امریکا کے کھلاڑی آسکر اکون کوو کو 1-3 سے ہرا کر 16 کھلاڑیوں کے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
مسلسل تیسری کامیابی پانے والے عبداللہ نواز نے پہلاگیم 8-11 سے جیتا۔ تاہم، دوسرے گیم میں امریکی حریف نے 10-12 سے کامیابی پا کر مقابلہ 1-1 کر دیا۔ عبداللہ نواز نے میچ میں کم بیک کرتے ہوئے تیسرا گیم7-11 اور چوتھا گیم 2-12 سے جیت کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔
پری کوارٹر فائنل میں عبداللہ کا مقابلہ سخت ترین مصری حریف آدم حویل سے ہوگا۔
عبداللہ نواز نے دوسرے راؤنڈ میں کینیڈا کے روہن پلوال اور پہلے راونڈ میں ہانگ کانگ کے کینگ ان لیونگ کو شکست دی تھی۔
واضح رہے پاکستان کے 4 میں سے 3 کھلاڑی محمدعمیرعارف، یحییٰ خان اور انس علی شاہ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن وٹاپ سیڈعالمی نمبر14 مصر کے محمد ذکریا بھی بھارت کے اریہانت کو0-3 سے ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
خواتین کے انفرادی ایونٹ میں ٹاپ سیڈ وعالمی نمبر5 مصر کی امینہ عارفی کا پری کوارٹر فائنل میں امریکا کی الیگزینڈرا جین سے مقابلہ ہوگا۔امینہ مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائیٹل جیت کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کریں گی۔
ٹیم ایونٹ27 جولائی سے شروع ہوگا۔ پاکستان جونیئر ٹیم میں عبداللہ نواز، انس علی شاہ بخاری، محمد عمیر آصف اور عبیداللہ شامل ہیں، راوعاطف کامران منیجراور فراز محمد کوچ کی زمہ داری ادا کررہے ہیں۔