پشاور:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے باجوڑ واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے ایک،ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کے لیے 25،25 لاکھ روپے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اور باجوڑ واقعے کے تناظر میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں باجوڑ واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے ایک،ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے 25، 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔