چینی کوہ پیما کے ٹو سے اترتے ہوئے پتھروں کی زد میں آکر ہلاک

اس مہم میں مختلف ممالک کے کوہ پیما شامل تھے، جنہوں نے سخت موسمی حالات کے باوجود کے ٹو کو سر کیا


ویب ڈیسک August 14, 2025

اسکردو: دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر مہم کے دوران چین کی کوہ پیما گوان جنگ ایک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔ پاکستان الپائن کلب کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات اس وقت پیش آیا جب وہ چوٹی سے اترتے ہوئے پتھروں کی زد میں آ گئیں۔

حادثہ ابروزی اسپر روٹ پر کیمپ ون اور ایڈوانسڈ بیس کیمپ کے درمیان پیش آیا، جو پتھروں کے گرنے کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ گوان جنگ پیر کو اپنے ساتھی کوہ پیماؤں کے ساتھ کامیابی سے چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر پر تھیں۔ ان کی لاش نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ باقی کوہ پیما بحفاظت بیس کیمپ پہنچ گئے۔

اس مہم میں مختلف ممالک کے کوہ پیما شامل تھے، جنہوں نے سخت موسمی حالات کے باوجود کے ٹو کو سر کیا۔ خاص طور پر امیجن نیپال کی ٹیم نے 100 فیصد کامیابی حاصل کی، جبکہ رومانیہ کی ماریا الیگزینڈرا ڈانیلا اس چوٹی پر پہنچنے والی اپنے ملک کی پہلی کوہ پیما بنیں۔ چین کے دیلی شیاٹی ایلیکوتی سب سے کم عمر کوہ پیما قرار پائے جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

نیپال کے منگما جی کی قیادت میں یہ مہم 5 اگست کو بیس کیمپ سے شروع ہوئی اور 11 اگست کو اختتام پذیر ہوئی۔ ٹیموں نے شدید برف باری، تیز ہواؤں اور رسیاں باندھنے جیسے مشکل مراحل عبور کیے۔

 

مقبول خبریں