بیٹے نے متعدد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، شہید میجر رضوان کے والد کرنل (ر) محمد طاہر کی گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ نے شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل (ر) محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر سے ملاقات کی


ویب ڈیسک August 14, 2025

شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل (ر) محمد طاہر نے کہا ہے کہ اُن کے بیٹے نے کئی اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو کامیابی سے لیڈ کیا اور متعدد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کی رہائش گاہ جاکر اُن کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، وزیرِ داخلہ نے شہید کے والد کرنل (ر) محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے اُن کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ"آپ شہید بیٹے کے باہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں۔ آپ کا حوصلہ اور عزم ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔ آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔"

وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ میجر رضوان طاہر نے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، اور اُن کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔شہید کے والد کرنل (ر) محمد طاہر نے بتایا کہ اُن کے بیٹے نے کئی اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو کامیابی سے لیڈ کیا اور متعدد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ میجر رضوان طاہر چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے نصب کردہ آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہو گئے تھے-

 

مقبول خبریں