پاک فوج کا خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے شدید بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے جب کہ بونیر، سوات اور باجوڑ میں پاک فوج کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بونیر، سوات اور باجوڑ میں پاک فوج / فرنٹیئر کور کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب متاثرین کو راشن اور دیگر سامان مہیا کیا جارہا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام بھی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے مزید دستے بھی ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کیلئے روانہ کردیئے گئے ہیں، تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے، حالیہ شدید سیلاب کے نتیجے میں گاؤں خلتی، ضلع غذر کے 11 خاندان شدید متاثر ہوئے۔
16 اگست 2025ءکو گاؤں گامیس میں 11 عارضی ٹینٹوں پر مشتمل ولیج قائم کیا گیا ہے، عارضی ٹینٹ ولیج میں متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائش ، کھانے پینے اور علاج معالجے کا بندوبست کیا گیا۔
اس مشکل گھڑی میں پاک فوج نے ہمیشہ کی طرح اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھرپور کردار ادا کیا، پاک فوج ،سول انتظامیہ اور جی بی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں ریلیف پیکجز تقسیم کیے گئے۔