کراچی:
ڈیفنس میں ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا اور اس کی رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح گزری تھانے کے علاقے ڈی ایچ اے فیز6 خیابان شہباز میں واقع بنگلے کے باہر ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع منے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ڈکیت اسحلے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ سیکیورٹی گارڈ بنگلے سے اسلحہ لیکر باہر نکلا تو مسلح ڈکیتوں نے گزرتے ہوئے فائرنگ کر دی، سیکیورٹی گارڈ سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
مقتول سیکیورٹی گارڈ کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 23 سالہ آریان ولد محمد اسلم کے نام سے کی گئی، مقتول سیکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق نوشہرو فیروز سے تھا۔
ایس ایچ او گزری اصغر کانگو نے ایکپسریس کو بتایا کہ مقتول خیابان شہباز میں واقع بنگلے پر سیکیورٹی گارڈ تعینات تھا اور ناشتا لینے کے لیے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا اور مقتول سیکیورٹی گارڈ کے پاس موجود 224 رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کران کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 59 ہوگئی۔