کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران کہاں کتنی بارش ہوئی؟محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے

دوروز کے دوران شہرمیں مجموعی طورپر219ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی


اسٹاف رپورٹر August 20, 2025

کراچی:

24گھنٹوں کے دوران شہر میں ہونے والی بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے جبکہ بروز جمعرات شہر میں گرج چمک، تندوتیز ہواؤں کے ساتھ کہیں درمیانی و تیز اور کہیں موسلادھاربارش کا امکان برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران(منگل کی صبح سےبدھ صبح تک)شہر میں سب سےزیادہ بارش سعدی ٹاون میں 181.8ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، گلشنِ حدید181،ائیرپورٹ اولڈ ایریا163.5،کیماڑی173، یونیورسٹی روڈ149.4، جناح ٹرمینل156.4، ڈی ایچ اے141، ناظم آباد175.6، سُرجانی163.8، فیصل بیس134، گلشنِ معمار135.6، نارتھ کراچی149.3، مسرور بیس112، کورنگی143.3، اورنگی ٹاؤن82.7ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

بدھ کی دوپہر ایک نئے ممکنہ اسپیل کی وجہ سے شہرکی فضاوں پر کالی گھٹائیں چھائی اور بارش کے آثار پیدا ہوئے تاہم یہ سلسلہ ہلکی تادرمیانی بارش تک محدود رہا،جس کےتحت کلفٹن،ڈیفنس،ملیر،آئی آئی چندریگرروڈ اور صدر سمیت کچھ علاقوں میں کہیں پھوار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم کے مطابق شہر میں مون سون کی بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم اس وقت کراچی کےشمال مشرقی کی جانب موجود ہے، سسٹم کے اثرات کے زیراثر شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز شدت جبکہ چند علاقوں میں موسلادھاربارش ہوسکتی ہے۔

انجم نذیر کے مطابق جمعرات کو ہونے والی بارش کے نتیجے میں شہرکے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، حالیہ مون سون سسٹم کراچی سمیت سندھ بھر پر 23 اگست تک اثرانداز رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بارش کے اعداد وشمار کے مطابق بدھ کی صبح 11بجے سے رات 8بجے تک سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاون میں 37ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سےزیادہ بارش سعدی ٹاون میں تقریباً 182ملی میٹرریکارڈ ہوئی، اور یوں دوروز کے دوران شہرمیں مجموعی طورپر219ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

حالیہ مون سون سسٹم کےتحت گذشتہ روزہونے والےاسپیلز کے مقابلے میں بدھ کی شب برسنے والا اسپیل اس حوالے سے بھی مختلف رہا کہ کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارش کے دوران تندوتیزہوائیں چلیں۔

بدھ کو صبح سے رات تک بارش کے مختلف اسپلیز کے دوران سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاون میں 113 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی 

محکمہ موسمیات نے رات گئے بدھ کی صبح 11بجے سے رات 11 بجے تک ہونے والی بارش کے اعدوشمار جاری کیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاون میں 113 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،2 روز کے دوران شہر میں مجموعی طور پر 295 ملی میٹر بارش ہوئی،
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاون میں 182 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں معمول سے تیزہواوں کی رفتار 40کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بارش اورتیزہواوں کے دوران غیرضروری طورپرگھروں سے نکلنے سے گریزکریں،خصوصاً درختوں،بل بورڈز اورکمزورمکانوں یا دیواروں کی آڑمیں بارش سے بچنے کے لیے پناہ لینے سے گریزکریں۔

مقبول خبریں