سنیتا آہوجا گووندا سے طلاق کیلیے عدالت پہنچ گئیں؛ سنگین الزامات لگائے

گوندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے باندرا فیملی کورٹ میں طلاق کا مقدمہ دائر کیا


ویب ڈیسک August 22, 2025
گووندا اور سنیٹا آہوجا، شادی شدہ زندگی میں تنازعات کے بعد عدالت پہنچ گئے — فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار گووندا کی اہلیہ نے شادی کے 38 سال بعد اداکار سے طلاق لینے کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا نے گووندا کے خلاف ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی۔

سنیتا آہوجا نے مبینہ طور پر سنگین الزامات بھی لگائے ہیں جن میں غیر ازدواجی تعلق، حق تلفی اور بے وفائی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ طلاق کا مقدمہ دسمبر 2024 میں دائر کیا گیا تھا جس پر عدالت نے گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا۔

اداکار کی اہلیہ وقت کی پابندی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوتی رہیں لیکن گووندا مسلسل غیر حاضر رہے ہیں۔

عدالت کی جانب سے بار بار نوٹس کے باوجود گووندا نہ تو سماعتوں میں حاضر ہوئے اور نہ ہی کاؤنسلنگ سیشنز میں شریک ہوئے۔

عدالت رواں برس جون سے دونوں کے درمیان معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن گووندا کی عدم دلچسپی کے باعث ایسا نہ ہوپایا۔

حال ہی میں سنیتا آہوجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر آبدیدہ لہجے میں کہا کہ میں نے ہمیشہ ماں (کالی ماتا) سے خوشحال شادی کی دعا مانگی اور پھر انھوں نے مجھے گووندا اور دو خوبصورت بچے بھی دیئے۔

سنیتا آہوجا نے مزید کہا کہ جو کوئی بھی میرا گھر توڑنے کی کوشش کرے گا، اسے دیوی کی سزا ضرور ملے گی۔ ایک اچھے آدمی اور اچھی عورت کو تکلیف پہنچانا درست نہیں۔

یاد رہے کہ جوڑی کے درمیان فروری میں کشیدگی کی خبریں اس وقت زور پکڑ گئیں جب سنیتا نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے 'آہوجا' ہٹایا اور یہ بھی انکشاف ہوا کہ وہ اور گووندا برسوں سے الگ رہ رہے ہیں۔

تاہم دونوں نے ہی کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد طلاق کی خبروں کی تردید کی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ یہ رشتہ واقعی آخری مرحلے میں ہے۔

اُس وقت یہ بات بھی کھلی تھی کہ گووندا کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے بڑھتی قربتیں طلاق کی وجہ ہوسکتی ہیں۔

بعد ازاں ان کے وکیل نے بھی تصدیق کی تھی کہ اگرچہ جوڑے نے چھ ماہ قبل طلاق کیلیے درخواست دائر کی تھی لیکن وہ دوبارہ اکٹھے ہو رہے تھے۔

دوسری طرف گووندا اب تک مکمل طور پر خاموش ہیں۔ مداح بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ وہ اپنی بیوی کے الزامات پر کب اور کیا جواب دیں گے۔

شوبز مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ بالی ووڈ کی ان مشہور شادیوں میں سے ایک کو ختم کر سکتا ہے جسے برسوں تک "آئیڈیل کپل" سمجھا جاتا رہا ہے۔

 

 

 

مقبول خبریں