حالیہ بارشوں کے بعد سمندر میں آلودگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے نہ صرف ماحولیاتی نظام بلکہ ماہی گیر برادری کے روزگار کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر ملک بھر کی بندرگاہوں میں صفائی مہم شروع کر دی گئی ہے تاکہ سمندری آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ وزیر نے کہا ہے کہ صرف صفائی کرنا کافی نہیں بلکہ آلودگی کی روک تھام کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بحری آلودگی کے تدارک کے لیے میرین پولیوشن کنٹرول بورڈ کو فعال کر دیا گیا ہے اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ گندے پانی کے سمندر میں شامل ہونے کا عمل روکا جا سکے۔
محمد جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے مون سون بارشیں غیر یقینی ہو گئی ہیں، اور بارش کا گندہ پانی سمندر کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ پلاسٹک، تیل اور کیمیائی اجزاء کی وجہ سے سمندری غذا بھی آلودہ ہو رہی ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔
وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ کراچی سمیت دیگر ساحلی علاقوں کی سمندری آلودگی کو کنٹرول کیا جا سکے اور ماہی گیر برادری کے لیے بہتر حالات فراہم کیے جا سکیں۔