ویڈیو؛ کراچی میں ڈاکوؤں نے نوجوان کو مرغا بنا دیا؛ کھلے عام لوٹ مار، شہریوں پر تشدد

آلٹو کار اور موٹر سائیکل پر سوار ڈاکو 15 منٹ تک شہریوں کو کھلے عام لوٹتے رہے، پولیس نے کارروائی نہیں کی


ساجد رؤف August 26, 2025

کراچی:

شہر قائد میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری عروج پر پہنچ گئی۔ رضویہ تھانے کی حدود میں ہونے والی واردات نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کی صبح آلٹو کار اور موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان نے 15 منٹ تک علاقے میں کھلے عام لوٹ مار کی اور شہریوں پر بدترین تشدد کرتے رہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے سب سے پہلے موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں کو روکا، پیچھے بیٹھا نوجوان موقع سے بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم ملزمان نے آگے بیٹھے نوجوان علی حسین سے موبائل فون، رقم اور موٹر سائیکل چھین لی۔

واردات کے دوران ڈاکوؤں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی مرغا بھی بنادیا۔

فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے علاقے میں 3 سے 4 دیگر موٹر سائیکل سوار شہریوں کو بھی لوٹا، تشدد کیا اور پان کی ایک دکان پر بھی لوٹ مار کی۔ شہریوں کے مطابق واردات کے بعد ملزمان میں سے 3 آلٹو کار جب کہ ایک موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً آدھے گھنٹے تک مدد 15 پر کال کی مگر پولیس موقع پر نہ پہنچی۔ بعد ازاں تھانہ رضویہ جاکر شکایت درج کرائی گئی لیکن وہاں بھی عملے نے کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی قدم اٹھایا۔

مقبول خبریں