’’واپس بھیجنے سے روکا جائے‘‘، پاکستانیوں سے شادی کرنے والی تین افغان خواتین عدالت پہنچ گئیں

پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی غیرملکی خواتین شہریت کی حق دار ہیں، وکیل


کورٹ رپورٹر August 26, 2025

اسلام آ باد:

پاکستانی شہریوں سے شادی شدہ تین افغان خواتین نے افغانستان واپس بھجوانے سے روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ  کے جسٹس انعام امین منہاس نے تین افغان خواتین کی افغانستان واپس نہ بھجوانے کی درخواستوں پر سماعت کی جو پاکستانی شہریوں سے شادی کے بعد یہاں مقیم ہیں۔

درخواست گزاوں کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی غیرملکی خواتین شہریت کی حق دار ہیں، درخواست گزار خواتین کے بچے پاکستانی ہیں، ان کے فارم بی بنے ہوئے ہیں لیکن پاکستانی بچوں کی ماؤں اور پاکستانی شہریوں کی بیویوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک کیس چیف جسٹس کی عدالت میں پہلے سے زیر سماعت ہے، یہ کیس بھی وہیں بھیج دیں۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

مقبول خبریں