کراچی: ملیر ملت ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے کمسن بچہ جاں بحق ہونےکا واقعہ، مقدمہ درج

مقدمے میں ڈمپرکے مفرور ڈرائیور زاہد، گرفتار کلینر حسنین شاہ اور ڈمپر کے مفرور مالک عطااللہ کو نامزد کیا گیا ہے


شاہ میر خان August 27, 2025
فوٹو فائل

ملیرملت ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے کمسن بچہ کے جاں بحق اور اس کے ماموں کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ قتل السبب ، قتل خطا، غفلت لا پروائی، بے احتیاطی اور تیز رفتاری سمیت دیگر دفعات کے تحت الفلاح تھانے میں درج کرلیا گیا ، مقدمے میں ڈمپرکے مفرور ڈرائیور زاہد، گرفتار کلینر حسنین شاہ اور ڈمپر کے مفرور مالک عطااللہ کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ڈمپر کلینر حسنین شاہ  ڈمپر کے مفرور مالک عطا اللہ کا بیٹا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق الفلاح تھانے کے علاقے ملت ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے کمسن بچہ عون محمد کے جاں بحق اور اس کے ماموں سلمان کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ متوفی عون محمد کے والد ندیم احمد کی مدعیت میں الفلاح تھانے میں درج کرلیا گیا۔

ایس ایچ او الفلاح راؤ عمیر کے مطابق گرفتار ڈمپر کلینر حسنین شاہ  ڈمپر کے مفرور مالک عطا اللہ کا بیٹا ہے انھوں نے مزید بتایا کہ تیز رفتار ڈمپر نے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا جبکہ ڈمپر کو کلینر لیکر فرار ہو رہا تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا اور پولیس نے مشتعل شہریوں کے چنگل سے ڈمپر اور اس کے گرفتار کلینر کو تھانے منتقل کیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے متوفی عون محمد کے نانا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عون محمد روز ہم سے ملنے ہمارے گھر سلمان فارسی محلہ آتا تھا منگل کو بھی ملاقات کے بعد عون محمد اپنے ماموں کے ساتھ دادی کے گھ رواپس جارہا تھا، ملیر ملت ٹاؤن موڑ مخالف سمت سے آتے ڈمپر نے سلمان کی کھڑی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری حادثے میں ڈیڑھ برس کا عون محمد ڈمپر کے ٹائروں کے نیچے آکر موقع پر جاں بحق ہوگیا، واقعے میں بچے کا ماموں بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

 انھوں نے حکام سے سوال کیا کہ شہر میں مقررہ اوقات کے برخلاف ہیوی ٹریفک کیوں چل رہا ہے؟ آئے دن ڈمپر کی تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، ہیوی ٹریفک کی روک تھام کیلئے اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے، متوفی عون محمد کے اہلخانہ نے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبول خبریں