پنجاب میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے پیپلزپارٹی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے سیلاب سے بچاؤ کے لیے صرف اعلانات نہیں حکومت عملی اقدامات بھی کرے۔
اپنے ایک بیان میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کسان سے کہوں گا کہ بھائیوں جاگتے رہنا، حکومت پہ نہ رہنا، ہم شاید پاکستانی تاریخ کے بدترین سیلاب سے نبرد آزما ہونے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کے ہزاروں ایکڑ ڈوب چکے ہیں، محنت کا سرمایہ بہہ گیا ہے، چنیوٹ، لاہور، قصور، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں چاول، مکئی، گندم، کپاس اور گنّا سیلاب کی نذر ہوگئے، ہیڈ مرالہ سے چلنے والا ریلا چنیوٹ میں داخل ہو چکا ہے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ بھوآنہ کے موضع ساہمل میں پانی سطح بلند ہونے لگی اور زمینی کٹاؤ میں تیزی آگئی ہے، پانچ سال سے موضع ساہمل چنیوٹ پر آواز بلند کرتا رہا لیکن کسی حکومت نے نہ سُنی، حکومت پنجاب کو ریسکیو کرنے کی تیزی لانی چاہیے اسوقت حکومتی امدادی کارروائیاں نہایت سست ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ریسکیو ادارے اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے، پنجاب جہاں سیلاب کا خدشہ ہے، وہاں جو لوگ محفوظ رہیں وہ متاثرین کی مدد کے لیے پیش پیش ہوں، انسانیت کا تقاضا ہے کہ ہم سب اپنی ذمہ داری ادا کریں۔