کراچی؛ نشے کی حالت میں دھت خاتون سے بدسلوکی و تشدد کرنے کی ویڈیو، پولیس اہلکار معطل

اتوار کی شب ڈیفنس فیز 6 صبا ایونیو میں خاتون مبینہ طور نشے کی حالت میں ہونے کی وجہ سے شور شرابا کر رہی تھی


اسٹاف رپورٹر September 01, 2025

کراچی:

ڈیفنس میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں دھت خاتون سے بدسلوکی و تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایس ایس پی ساؤتھ نے نوٹس لیتے ہوئے درخشان تھانے میں تعینات پولیس اہلکار کو معطل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق درخشان تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 6 صبا ایونیو میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں دھت خاتون سے بدسلوکی و تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے نوٹس لیتے ہوئے درخشان تھانے میں تعینات پولیس اہلکار نعیم کو معطل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کی شب ڈیفنس فیز 6 صبا ایونیو میں خاتون مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے کی وجہ سے شور شرابا کر رہی تھی اور علاقہ مکینوں کی اطلاع پر درخشاں پولیس موقع پر پہنچی تھی، مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے کے باعث خاتون سڑک سے گزرنے والوں کو روک کر بدتمیزی کر رہی تھی۔

خاتون کو تھانے منتقل کیا جا رہا تھا تو خاتون پولیس اہلکار سے بھی الجھ پڑی تھی، اس دوران پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون سے بدسلوکی کی گئی اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کو پہلے تھانے اور پھر وومن پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، پیر کو خاتون کا میڈیکل کروانے کے لیے اسپتال بھجوایا گیا۔

مقبول خبریں