بلوچستان پولیس : ڈی آئی جی رخشاں ڈویژن اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس پر نئی تعیناتیاں

ڈی آئی جی رخشاں ڈویژن وزیر خان ناصر اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس عبدالحئی بلوچ کو ایک دوسرے سے تبدیل کردیا گیا


اسٹاف رپورٹر September 01, 2025

کوئٹہ:

بلوچستان پولیس میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے، ڈی آئی جی رخشاں ڈویژن وزیر خان ناصر کو ڈی آئی جی موٹروے پولیس اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس عبدالحئی بلوچ کو ڈی آئی جی رخشاں ڈویژن کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔

بلوچستان پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ تقرر و تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے، متعلقہ افسران کو اپنے نئے عہدوں پر ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان تبادلوں کا مقصد صوبے میں پولیس کے نظام کو مزید موثر بنانا اور عوام کی خدمت کو بہتر کرنا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی ضروریات اور پولیس ڈھانچے میں بہتری کے لیے کیے گئے ہیں۔ وزیرخان ناصرایک تجربہ کار پولیس افسر ہیں جو موٹروے پولیس کے شعبے میں اپنی مہارت کو بروئے کار لائیں گے تاکہ شاہراہوں پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق دوسری جانب عبدالحئی بلوچ رخشاں ڈویژن میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جو بلوچستان کے اہم اور حساس علاقوں میں سے ایک ہے۔

بلوچستان پولیس حکام نے کہا کہ یہ تبادلے پولیس فورس کی کارکردگی کو بڑھانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے اہم ہیں۔

حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے تاکہ پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرسکے یہ تبادلے بلوچستان پولیس کے جاری اصلاحاتی عمل کا حصہ ہیں جو صوبے میں جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا عکاس ہیں۔

مقبول خبریں