کورنگی کے علاقے میں گھر میں جوان لڑکی نے زیر زمین پانی کے ٹینک میں ڈوب کرخود کشی کرلی۔کورنگی انڈس چورنگی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران سیڑھیوں سے گر کرایک مزدور جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر3 سیکٹر 1/34 عرفات مسجد کے قریب گھر میں زیر زمین پانی کے ٹینک میں مبینہ طور پرجوان لڑکی ڈوب کرجاں بحق ہوگئی جس کی لاش چھیپا ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ لڑکی کی شناخت 18 سالہ مسکان دختر رستم علی کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال کا کہنا ہے کہ متوفیہ لڑکی کے اہلخانہ نے بتایاکہ متوفیہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور متوفیہ کا نفسیاتی اسپتال میں علاج بھی چل رہا تھا ۔متوفیہ لڑکی نے زیر مین پانی کے ٹینک میں ڈوب کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کردی ۔
دریں اثناکورنگی انڈس چورنگی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران سیڑھیوں سے گرکر ایک مزدور جاں بحق ہو گیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔
جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت 50 سالہ دلاورعثمان ولد اختر کمال کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی مزدورکی لاش ورثا کے حوالے کردی۔