راولپنڈی:
عدالت نے کم عمر بچے کے اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مجرم عرفان عظیم کو 3 بار سزائے موت دینے کا فیصلہ سنا دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے فیصلے میں لکھا کہ مجرم کو قتل کے جرم میں سزائے موت دی گئی جب کہ زیادتی کے جرم میں بھی سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
اسی طرح اغوا کے جرم میں بھی سزائے موت کے ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مجموعی طور پر مجرم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مجرم نے مارچ 2023ء میں تھانہ دھمیال کے علاقے سے 13 سالہ بچے کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا اور چھری کے وار سے قتل کر دیا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی کی بنیاد پر عدالت نے مجرم کو سخت ترین سزا دیتے ہوئے حکم دیا کہ اسے پھانسی پر اس وقت تک لٹکایا جائے جب تک موت واقع نہ ہو۔