کراچی:
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر بارش میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن رات بھر جاری رہا.
ریسکیو 1122 کی ٹیموں اور ضلع انتظامیہ نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے 350 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا.
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سعدی ٹاؤن میں پانی میں پھنسے 10 افراد کو ریسکیو 1122 نے پاک فوج کے ساتھ نکال لیا، صائمہ سوسائٹی کے قریب 2 مرد، 3 خواتین اور 6 بچوں کو بحفاظت منتقل کیا گیا.
نشر بستی اور عیسیٰ نگری میں پانی بھرنے سے 8 افراد پھنس گئے تھے، ریسکیو 1122 نے نشر بستی سے 4 بچوں، ایک مرد اور 3 خواتین کو نکال لیا.
سہراب گوٹھ کے قریب لاسی پاڑہ سے 15 بچوں، ایک ضعیف اور 4 خواتین کو بحفاظت نکال لیا گیا.
گلشن اقبال امتیاز سپر اسٹور کے قریب لیاری ندی میں پھنسے 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا. خمیسو جوکھیو گوٹھ ملیر ندی میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث متعدد افراد کے پھنسنے پر ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی.
چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ڈپٹی کمشنر ملیر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے, ریسکیو 1122 نے واٹر ریسکیو وہیکلز، بوٹس اور ایمبولینس کے ذریعے آپریشن کیا.
ضلع کیماڑی میں ریونیو اور پولیس کی مدد سے بھی ریسکیو آپریشن ہوا، اسسٹنٹ کمشنر کیماڑی مدیحہ ناریجو کی قیادت میں 100 افراد محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے.