کراچی:
بنارس ملنگ ہوٹل کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹینکر قبضے میں لے لیا۔
سائٹ اے تھانے کے تھانے کے ہیڈ محرر خالد بلوچ نے بتایا کہ حادثہ مین منگھوپیر روڈ ملنگ ہوٹل کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور وزیر محمد کو گرفتار کر کے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
متوفی اذلان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ متوفی 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا جو والدین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنی رہائش گاہ قصبہ کالونی جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بنارس ہوٹل کے قریب بے قابو رکشے نے ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل گرنے سے بچہ سڑک پر جا گرا اور اس دوران عقب سے آنے والے واٹر ٹینکر نے بچے کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔