وفاقی وزیرحنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس، ریلوے میں 8 ماہ کے دوران بجلی کی مد میں اربوں کی بچت

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا


ویب ڈیسک September 17, 2025

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے کو بجلی کے اخراجات میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران میٹرائزیشن اور سولرائزیشن جیسے جدید اقدامات کے باعث اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی، جبکہ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام نے ریلوے کو شاندار کامیابی دلائی۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور ریلوے ڈویژن میں 416.6 ملین روپے، مغلپورہ ورکشاپ میں 243 ملین روپے، کوئٹہ ریلوے ڈویژن میں 38 ملین روپے، راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں 75 ملین روپے، کراچی ریلوے ڈویژن میں 26 ملین روپے اور سکھر ڈویژن میں 60 ملین روپے کی بچت ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ملتان میں 9.6 ملین جبکہ پشاور میں 6.46 ملین روپے کی بچت ممکن ہوئی۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری پر زیرو ٹالرنس ہوگی اور جو بھی اس جرم میں ملوث پایا گیا، سیدھا جیل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید اقدامات کے باعث ریلوے کے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے اور شفافیت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں