باجوڑ میں بارودی مواد کا دھماکا، پاک فوج کا بروقت ایکشن، متعدد معصوم بچوں کی جانیں بچالیں

باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں فتنہ الخوارج کا چھوڑا ہوا بارودی مواد پھٹنے سے 3 بچے شہید اور 5 زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک September 28, 2025

باجوڑ میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جب کہ پاک فوج نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے معصوم بچوں کی جانیں بچالیں۔

رپورٹ کے مطابق باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں فتنہ الخوارج کا چھوڑا ہوا بارودی مواد پھٹنے سے 3 بچے شہید اور 5 زخمی ہوگئے، بارودی مواد پھٹنے کا افسوسناک واقعہ27 ستمبر کو پیش آیا۔

بچے فتنہ الخوارج کے چھوڑے گئے مواد سے کھیل رہے تھے کہ بارودی مواد پھٹ گیا، بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا۔

زخمی بچوں  کا علاج پاک فوج کے ماہر ڈاکٹرز کے زیر نگرانی سی ایم ایچ پشاور میں جاری ہے، پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوع کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے۔

یہ سانحہ ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج نے علاقے میں کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے،فتنتہ الخوارج ماضی میں بھی مساجد اور گھروں کو ڈھال بنا کر دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔

وادی تیراہ میں بھی فتنہ الخوارج کے ذخیرہ شدہ باردوی مواد پھٹنے سے کئی معصوم شہری شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، دھماکے کا یہ افسوسناک واقعہ ثابت کرتا ہے کہ خوارج شہری آبادیوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

مقامی آبادی کے تعاون سے پاک فوج باجوڑ کے علاقوں کو بارودی مواد سے صاف کرنے کے لیے پر عزم ہے، عوام کے تعاون سے سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ ادارے باجوڑ کو فتنہ الخوارج کے خطرات سے جلد مکمل پاک کریں گے

 

مقبول خبریں