کشمیر کے غیور عوام نے مفاد پرست عناصر کی احتجاجی کال کو مسترد کردیا

آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال بری طرح ناکام ہوگئی


ویب ڈیسک September 30, 2025

کشمیر کے غیور عوام نے مفاد پرست عناصر کی احتجاجی کال کو مسترد کردیا۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال بری طرح ناکام ہو گئی۔

تمام شہروں میں بازار اور دکانیں کھلی ہیں اورمعمولات زندگی رواں دواں ہیں، راولاکوٹ، چناری، شاردہ نیلم، مظفرآباد اور دیگرشہروں میں بازار کھلے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے، کسی کو بھی اپنے مذموم عزائم کیلئے عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔


جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی آزاد کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال ناکام

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام آزاد کشمیر بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال ناکام رہی، آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میں بازارکھلے رہے، میر پور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں معمولات زندگی نارمل رہی، پونچھ اور مظفر آباد ڈویژن میں بھی حالات مکمل طور پر پر امن رہے۔

مظفر آباد میں امن مارچ کے دوران مسلم کانفرنس کا کارکن محمد سدھیر عوامی ایکشن کمیٹی کی فائرنگ سے شہید ہوا، پونچھ ڈویژن میں ہجیرہ بٹل سیکٹر میں محمد صدیق نامی شہری نا ساز طبیعت کے باعث اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر عوامی ایکشن کمیٹی کی رکاوٹوں کی وجہ سے موقع پر دم توڑ گیا۔

مجموعی طور پر آزاد کشمیر کے شہریوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو مستر د کر دیا ہے۔

آزاد کشمیر میں  امن و امان یقینی بنانے کیلئے ریاستی ادارے پرعزم

آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی میرپور کا اہم ویڈیو پیغام منظرعام پرآ گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیرپور عمر طارق نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا قیام انتہائی دانشمندانہ فیصلہ تھا، حکومتی کمیٹی نے عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات کو بڑے صبروتحمل کے ساتھ سنا، عوامی ایکشن کمیٹی کے عوامی حقوق پر مشتمل تمام مطالبات پر حکومتی کمیٹی نے اتفاق کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیرپور نے کہا کہ مذاکرات میں یہ تاثر ابھرا کہ عوامی ایکشن کمیٹی انتشار اور تخریب کاری کی مہم پر عمل پیرا ہے، عوامی ایکشن کمیٹی  کے رویے نے مذاکرات کے ماحول کو پیچیدہ بنا دیا، عوامی ایکشن کمیٹی نے بیرونی قوتوں کے ایماء پر غیر آئینی مطالبات سامنے رکھ کر ڈیڈ لاک پیدا کیا، عوامی ایکشن کمیٹی ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور  نے مزید کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا، حکومت آزاد کشمیرعوام کے جان و مال کےتحفظ کویقینی بنائےگی، میری عوام سے اپیل ہے جو شرپسند عناصر پرامن ماحول کو خراب کرناچاہتے ہیں ان کی باتوں میں نہ آئیں۔

ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کچھ  عناصر بدامنی اورانتشار پھیلاناچاہتے ہیں، کسی بھی شخص کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ایس ایس پی میرپور  کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عوام انتشارپھیلانے والے عناصر سے دور رہیں۔

مقبول خبریں