حارث نے کتنے میچز جتوائے؟ سابق کرکٹرز نے حارث رؤف کو آڑے ہاتھوں لے لیا

گزشتہ ورلڈکپ دیکھ لیں، ہر جگہ حارث کی پٹائی ہی ہوئی ہے، محمد یوسف


اسپورٹس ڈیسک September 30, 2025

بھارت سے ایشیا کپ فائنل میں شکست کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں سابق بیٹر محمد یوسف نے کہا کہ ہمیں حارث رؤف کو سمجھنا ہوگا، اس نے کتنے میچز جتوائے ہیں، انہیں اختتامی اوورز میں بولنگ کرنا ہی نہیں چاہیے۔

محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ ورلڈکپ دیکھ لیں، ہر جگہ حارث کی پٹائی ہی ہوئی ہے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ حارث رؤف نے بڑے میچز نہیں جتوائے، ہم سب کو میلبرن  کا میچ یاد ہے جہاں پر کوہلی نے انہیں دو چھکے جڑے تھے۔

کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کو سمجھنا چاہیے تھا کہ اس قسم کی صورتحال میں کون سا بولر بہتر رہے گا، ہم سیکھ ہی نہیں رہے، ایک ہی جیسی غلطیاں کرتے جارہے ہیں۔

سابق آف اسپنر توصیف احمد نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے مگر کیوں ایسی چیزیں صرف حارث رؤف کے ساتھ ہی ہوتی ہیں، ہمیں بھی چھکے پڑتے تھے مگر ہر وقت ایسا نہیں ہوتا تھا۔

سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ سلمان آغا کو وہ اوور حارث رؤف کو نہیں دینا چاہیے تھا، ابرار احمد کو بولنگ کرنا چاہیے تھی، صائم کو بھی گیند دی جاسکتی تھی۔

مقبول خبریں